बेशक जो लोग छुपाते हैं हमारी उतारी हुई खुली निशानियों को और हमारी हिदायत को, बाद इसके कि हम उसको लोगों के लिए किताब में खोल चुके हैं, तो वही लोग हैं जिन पर अल्लाह लानत करता है और उन पर लानत करने वाले लानत करते हैं।
بے شک جولوگ واضح دلیلوں اور ہدایت کوچھپاتے ہیں جس کوہم نے نازل کیاہے اس کے بعد کہ ہم نے اس کولوگوں کے لیے کتاب میں کھول کربیان کردیاہے وہی لوگ ہیں جن پر اﷲ تعالیٰ لعنت کرتا ہے اورتمام لعنت کرنے والے بھی اُن پرلعنت کرتے ہیں۔
بیشک جو لوگ چھپاتے ہیں ہماری اتاری ہوئی کھلی کھلی نشانیوں اور ہماری ہدایت کو ، بعد اس کے کہ ہم نے وہ کتاب میں کھول کر لوگوں کیلئے بیان کردی تھیں تو وہی لوگ ہیں ، جن پر اللہ لعنت کرتا ہے اور جن پر لعنت کرنے والے لعنت کریں گے ۔
بالتحقیق جو لوگ چھپاتے ہیں ہماری نازل کردہ روشن تعلیمات و ہدایت کو جبکہ ہم تمام لوگوں کے لئے انہیں کتاب میں واضح طور پر بیان کر چکے ہیں یہی وہ لوگ ہیں جن پر اللہ لعنت کرتا ہے اور تمام لعنت کرنے والے بھی لعنت کرتے ہیں ۔
جو لوگ ہماری نازل کی ہوئی روشن تعلیمات اور ہدایات کو چھپاتے ہیں درآں حال یہ کہ ہم انھیں سب انسانوں کی رہنمائی کے لیے اپنی کتاب میں بیان کر چکے ہیں ، یقین جانو کہ اللہ بھی ان پر لعنت کرتا ہے اور تمام لعنت کرنے والے بھی ان پر لعنت بھیجتے ہیں ۔ 160
بے شک جو لوگ ہمارے اُتارے ہوئے واضح احکام اور ہدایت کو اس کے بعد بھی کہ ہم نے ان کو لوگوں کے لیے کتاب میں واضح ( بیان ) کردیا ہے ، چھپاتے ہیں ، یہی لوگ ہیں کہ ان پر اﷲ ( تعالیٰ ) بھی لعنت فرماتے ہیں اور ( دوسرے ) لعنت کرنے والے بھی ان پر لعنت بھیجتے ہیں
بیشک وہ لوگ جو ہماری نازل کی ہوئی روشن دلیلوں اور ہدایت کو چھپاتے ہیں باوجودیکہ ہم انہیں کتاب میں کھول کھول کر لوگوں کے لیے بیان کرچکے ہیں ( ١٠٤ ) تو ایسے لوگوں پر اللہ بھی لعنت بھیجتا ہے اور دوسرے لعنت کرنے والے بھی لعنت بھیجتے ہیں ،
بے شک جو لوگ ہمارے نا زل کردہ واضح دلائل اور ہدایا ت چھپا تے ہیں اس کے بعدکہ ہم انہیں اپنی کتاب میں لوگوں کے لئے کھول کربیان کرچکے ہیں ان پر اللہ لعنت کرتا ہے اور لعنت کرنے والے بھی لعنت کرتے ہیں
بیشک وہ جو ہماری اتاری ہوئی روشن باتوں اور ہدایت کو چھپاتے ہیں ( ف۲۸۸ ) بعد اس کے کہ لوگوں کے لئے ہم اسے کتاب میں واضح فرماچکے ہیں ان پر اللہ کی لعنت ہے اور لعنت کرنے والوں کی لعنت ۔ ( ف۲۸۹ )
بیشک جو لوگ ہماری نازل کردہ کھلی نشانیوں اور ہدایت کو چھپاتے ہیں اس کے بعد کہ ہم نے اسے لوگوں کے لئے ( اپنی ) کتاب میں واضح کردیا ہے تو انہی لوگوں پر اﷲ لعنت بھیجتا ہے ( یعنی انہیں اپنی رحمت سے دور کرتا ہے ) اور لعنت بھیجنے والے بھی ان پر لعنت بھیجتے ہیں