Blog
Books
Search Hadith

نماز چاشت کا بیان

بَاب صَلَاة الضُّحَى

13 Hadiths Found
ام ہانی ؓ بیان کرتی ہیں کہ نبی ﷺ فتح مکہ کے روز ان کے گھر تشریف لائے تو آپ نے غسل کیا اور آٹھ رکعتیں پڑھیں ، میں نے اس سے ہلکی نماز کبھی نہیں دیکھی البتہ آپ ﷺ رکوع و سجود مکمل فرماتے تھے ، اور انہوں نے ایک دوسری روایت میں فرمایا : اور وہ نماز چاشت تھی ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1309
معاذہ ؓ بیان کرتی ہیں ، میں نے عائشہ ؓ سے دریافت کیا ، رسول اللہ ﷺ چاشت کی کتنی رکعتیں پڑھا کرتے تھے ؟ انہوں نے فرمایا : چار رکعتیں ، اور جس قدر اللہ چاہتا بڑھا دیتے تھے ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 1310
ابوذر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ تم میں سے ہر ایک پر اس کے تمام جوڑوں کا صدقہ کرنا ضروری ہے ، ہر قسم کی تسبیح (سبحان اللہ کہنا) صدقہ ہے ، ہر قسم کی حمد صدقہ ہے ، ہر مرتبہ لا الہ الا اللہ کہنا صدقہ ہے ، نیکی کا حکم کرنا صدقہ ہے ، برائی سے روکنا صدقہ ہے ، اور جو شخص چاشت کی دو رکعتیں پڑھ لیتا ہے تو وہ اس کے لیے کافی ہو جاتی ہیں ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1311
زید بن ارقم ؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے کچھ لوگوں کو نماز چاشت پڑھتے ہوئے دیکھا تو انہوں نے فرمایا : انہیں علم ہے کہ اس وقت کے علاوہ نماز (چاشت) پڑھنا افضل ہے ، کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ نماز اوابین کا وقت وہ ہے جب اونٹ کے بچے کے پاؤں (شدت حرارت سے ریت گرم ہو جانے کی وجہ سے) گرمی محسوس کریں ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 1312
ابودرداء ؓ اور ابوذر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے اللہ تبارک و تعالیٰ سے روایت کیا کہ اس نے فرمایا :’’ ابن آدم! دن کے اول وقت میرے لیے چار رکعتیں پڑھ ، تو میں تجھے دن کے آخر وقت تک کافی ہو جاؤں گا ۔‘‘ صحیح ، رواہ الترمذی ۔

Haidth Number: 1313
امام ترمذی نے اسے روایت کیا ہے جبکہ امام ابوداؤد اور امام دارمی نے نعیم بن ہماز غطفانی سے روایت کیا ہے اور امام احمد نے ان (تینوں صحابہ کرام) سے روایت کیا ہے ۔ صحیح ۔

Haidth Number: 1314
بریدہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ انسان میں تین سو ساٹھ جوڑ ہیں ، اور ہر جوڑ کے بدلے صدقہ کرنا اس پر لازم ہے ۔‘‘ صحابہ نے عرض کیا ، اللہ کے نبی اتنی طاقت کون رکھتا ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ مسجد سے بلغم کو صاف کر دینا ، راستہ سے کسی تکلیف کو دور کر دینا (صدقہ ہے)، پس اگر تو نہ پائے تو چاشت کی دو رکعتیں تیرے لیے کافی ہیں ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 1315
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص چاشت کی بارہ رکعتیں پڑھتا ہے تو اللہ اس کے لیے جنت میں سونے کا ایک محل تیار کر دیتا ہے ۔‘‘ ترمذی ، ابن ماجہ اور امام ترمذی نے فرمایا : یہ حدیث غریب ہے ، اور ہم اسے صرف اسی طریق سے جانتے ہیں ۔ ضعیف ۔

Haidth Number: 1316
معاذ بن انس جہنی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص نماز فجر پڑھنے کے بعد چاشت کی دو رکعتیں پڑھتا ہے اور وہ اس دوران خیر کے سوا کوئی بات نہیں کرتا ، تو اس کے گناہ ، خواہ سمندر کی جھاگ کے بھی برابر ہوں تب بھی وہ معاف کر دیے جاتے ہیں ۔‘‘ ضعیف ۔

Haidth Number: 1317
ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص چاشت کی دو رکعتوں کی پابندی کرتا ہے تو اس کے گناہ خواہ سمندر کی جھاگ کے برابر ہوں تب بھی وہ معاف کر دیے جاتے ہیں ۔‘‘ ضعیف ۔

Haidth Number: 1318
عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ وہ چاشت کی آٹھ رکعتیں پڑھا کرتی تھیں ، پھر وہ فرماتی ہیں ، اگر میرے والدین بھی زندہ کر دیے جائیں تو میں (ان کی خاطر) اس (نماز چاشت) کو ترک نہیں کروں گی ۔ ضعیف ۔

Haidth Number: 1319
ابوسعید ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نماز چاشت پڑھا کرتے تھے ، حتیٰ کہ ہم کہتے : اب آپ اسے نہیں چھوڑیں گے ، اور (کبھی) اسے چھوڑ دیتے تو ہم کہتے : اب آپ اسے نہیں پڑھیں گے ۔ ضعیف ۔

Haidth Number: 1320
موّرق عجلی ؒ بیان کرتے ہیں ، میں نے ابن عمر ؓ سے دریافت کیا ، آپ نماز چاشت پڑھتے ہیں ؟ انہوں نے فرمایا : نہیں ، میں نے پوچھا : عمر ؓ (پڑھتے تھے) ؟ انہوں نے فرمایا : نہیں ، میں نے پوچھا : ابوبکر ؓ (پڑھتے تھے) انہوں نے فرمایا : نہیں ، میں نے پوچھا : نبی ﷺ (پڑھتے تھے) ؟ انہوں نے فرمایا : میرا خیال ہے نہیں پڑھتے تھے ۔ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 1321