Blog
Books
Search Hadith

نماز تہجد کے اذکار

بَابُ مَا يَقُولُ إِذَا قَامَ مِنَ اللَّيْلِ

8 Hadiths Found

عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ: كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا قَامَ مِنَ اللَّيْلِ يَتَهَجَّدُ قَالَ: «اللَّهُمَّ لَكَ الْحَمْدُ أَنْتَ قَيِّمُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَمَنْ فِيهِنَّ وَلَكَ الْحَمْدُ أَنْتَ نُورُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَمَنْ فِيهِنَّ وَلَكَ الْحَمْدُ أَنْتَ مَلِكُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَمَنْ فِيهِنَّ وَلَكَ الْحَمْدُ أَنْتَ الْحَقُّ وَوَعْدُكَ الْحَقُّ وَلِقَاؤُكَ حَقٌّ وَقَوْلُكَ حَقٌّ وَالْجَنَّةُ حَقٌّ وَالنَّارُ حَقٌّ وَالنَّبِيُّونَ حَقٌّ وَمُحَمَّدٌ حَقٌّ وَالسَّاعَةُ حَقٌّ اللَّهُمَّ لَكَ أَسْلَمْتُ وَبِكَ آمَنْتُ وَعَلَيْكَ تَوَكَّلْتُ وَإِلَيْكَ أَنَبْتُ وَبِكَ خَاصَمْتُ وَإِلَيْكَ حَاكَمْتُ فَاغْفِرْ لِي مَا قَدَّمْتُ وَمَا أَخَّرْتُ وَمَا أَسْرَرْتُ وَمَا أَعْلَنْتُ وَمَا أَنْتَ أَعْلَمُ بِهِ مِنِّي أَنْتَ الْمُقَدِّمُ وَأَنْتَ الْمُؤَخِّرُ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ وَلَا إِلَهَ غَيْرك»

ابن عباس ؓ بیان کرتے ہیں جب نبی ﷺ تہجد پڑھتے تو (اللہ اکبر کہنے کے بعد) یہ دعا پڑھتے : اے اللہ ! ہر قسم کی حمد تیرے ہی لیے ہے ، زمین و آسمان اور جو کچھ ان میں ہے انہیں تو ہی قائم رکھنے والا ہے ، ہر قسم کی تعریف تیرے ہی لیے ہے ، زمین و آسمان اور جو کچھ ان میں ہے اس کا تو ہی نور ہے ، ہر قسم کی تعریف تیرے لیے ہے زمین و آسمان اور جو کچھ اس میں ہے اس کا تو ہی مالک ہے ، ہر قسم کی تعریف تیرے ہی لیے ہے تو حق ہے ، تیرا وعدہ حق ہے ، تیری ملاقات حق ہے ، تیری بات حق ہے ، جنت حق ہے ، جہنم حق ہے ، تمام انبیا علیہم السلام حق ہیں ، محمد (ﷺ) حق ہیں ، اور قیامت حق ہے ، اے اللہ ! میں تیرے سامنے جھک گیا ، تجھ پر ایمان لایا ، تجھ پر توکل کیا ، تیری طرف رجوع کیا ، میں نے تیری ہی توفیق سے جھگڑا کیا ، میں نے تجھے ہی اپنا حاکم تصور کیا ، پس تو میرے اگلے پچھلے ، ظاہر و پوشیدہ اور جنہیں تو مجھ سے زیادہ جانتا ہے وہ سارے گناہ معاف فرما دے ، تو ہی ترقی اور تنزلی دینے والا ہے ، صرف تو ہی معبود ہے اور تیرے سوا کوئی معبود برحق نہیں ۔‘‘ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 1211
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، جب نبی ﷺ رات تہجد کے لیے کھڑے ہوتے تو آپ اپنی نماز کا افتتاح اس دعا سے کرتے تھے :’’ اے اللہ ! جبرائیل ، میکائیل اور اسرافیل کے رب ! زمین و آسمان کو عدم سے وجود میں لانے والے حاضر و غائب کے جاننے والے ، تو ہی اپنے بندوں کا ان امور میں فیصلہ فرمائے گا جن میں وہ اختلاف کرتے ہیں ، ان اختلافی امور میں اپنی توفیق سے تو ہی میری راہنمائی فرما ، بے شک تو ہی جسے چاہتا ہے سیدھی راہ کی طرف راہنمائی فرماتا ہے ۔‘‘ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 1212
عبادہ بن صامت ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص رات کو اٹھ کر یہ دعا پڑھے :’’ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں ، وہ یکتا ہے ، اس کا کوئی شریک نہیں ، اسی کے لیے بادشاہت ہے ، اور ہر قسم کی حمد اسی کے لیے ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے ، اللہ پاک ہے ، حمد اللہ ہی کے لیے ہے ، اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں ، اللہ بہت بڑا ہے ، گناہ سے بچنا اور نیکی کرنا محض اللہ کی توفیق سے ممکن ہے ، پھر وہ یہ کہے : میرے رب مجھے بخش دے ۔‘‘ یا فرمایا :’’ پھر اس نے دعا کی تو اس کی دعا قبول کی جاتی ہے ، اگر وہ وضو کرے اور نماز پڑھے تو اس کی نماز قبول کی جاتی ہے ۔‘‘ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 1213
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، جب رسول اللہ ﷺ رات کو بیدار ہوتے تو آپ یہ دعا پڑھتے : ((لا الہ الا انت ،،،،، انک انت الوھاب)) ’’ تیرے سوا کوئی معبود برحق نہیں ، تو پاک ہے ، اے اللہ ! اپنی حمد کے ساتھ ، میں اپنے گناہوں کی تجھ سے مغفرت طلب کرتا ہوں ، اور تیری رحمت کا تجھ سے سوال کرتا ہوں ، اے اللہ ! میرے علم میں اضافہ فرما ، بے شک تو ہی عطا فرمانے والا ہے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 1214
معاذ بن جبل ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو مسلمان اللہ کا ذکر کرتے ہوئے با وضو سو جائے اور پھر وہ رات کے کسی وقت بیدار ہو کر اللہ سے کسی خیر و بھلائی کا سوال کرے تو اللہ وہی خیر اسے عطا فرما دیتا ہے ۔‘‘ صحیح ، رواہ احمد و ابوداؤد ۔

Haidth Number: 1215
شریق الہوزنی ؒ بیان کرتے ہیں ، میں نے عائشہ ؓ کے پاس حاضر ہو کر ان سے دریافت کیا ، جب رسول اللہ ﷺ رات کو بیدار ہوتے تو آپ کس (ذکر) سے آغاز فرماتے تھے ؟ انہوں نے فرمایا : تم نے ایسی چیز کے بارے میں مجھ سے سوال کیا ہے جس کے متعلق تم سے پہلے کسی نے مجھ سے دریافت نہیں کیا ، جب آپ رات کو بیدار ہوتے تو آپ ﷺ دس مرتبہ ((اللہ اکبر)) ، دس مرتبہ ’’ الحمدللہ ‘‘، دس مرتبہ ’’ سبحان اللہ وبحمدہ ‘‘، دس مرتبہ ’’ سبحان الملک القدوس ‘‘ دس مرتبہ ’’ استغفر اللہ ‘‘ اور دس مرتبہ ’’ لا الہ الا اللہ ‘‘ پڑھتے ، پھر دس مرتبہ دعا فرماتے :’’ اے اللہ میں دنیا میں روز قیامت کی سختیوں اور تکلیفوں سے تیری پناہ چاہتا ہوں ۔‘‘ پھر آپ نماز (تہجد) شروع فرماتے ۔ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 1216
ابوسعید ؓ بیان کرتے ہیں ، جب رسول اللہ ﷺ نماز کے لیے اٹھتے تو اللہ اکبر کہہ کر یہ دعا پڑھتے :’’ پاک ہے تو اے اللہ ! اپنی حمد کے ساتھ ، با برکت ہے نام تیرا ، بلند ہے شان تیری اور تیرے سوا کوئی معبود برحق نہیں ، پھر آپ ﷺ فرماتے :’’ اللہ بہت ہی بڑا ہے ۔‘‘ پھر فرماتے :’’ میں اللہ سمیع و علیم کی پناہ کا طلب گار ہوں شیطان مردود سے ، اس کے وسوسے ، اس کے کبر اور اس کے جادو سے ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی و ابوداؤد و النسائی ، ترمذی ، ابوداؤد ، نسائی اور ابوداؤد نے ((غیرک)) کے بعد یہ اضافہ نقل کیا ہے ، کہ آپ ﷺ تین مرتبہ فرماتے : ((لالہ الا اللہ)) ، اور حدیث کے آخر میں ہے : پھر آپ ﷺ قراءت کرتے ۔

Haidth Number: 1217
ربیعہ بن کعب اسلمی ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نبی ﷺ کے حجرے کے قریب رات بسر کیا کرتا تھا ، جب آپ رات تہجد کے لیے اٹھتے تو میں آپ ﷺ کو دیر تک یہ پڑھتے ہوئے سنتا ۔’’ پاک ہے تمام جہانوں کا رب ۔‘‘ اور :’’ پاک ہے اللہ اپنی حمد کے ساتھ ۔‘‘ نسائی ۔ ترمذی میں بھی اسی طرح ہے ۔ اور انہوں نے فرمایا : یہ حدیث حسن صحیح ہے ۔ صحیح ، رواہ النسائی و الترمذی ۔

Haidth Number: 1218