Blog
Books
Search Hadith

انگوٹھی کا بیان

بَاب الْخَاتم

24 Hadiths Found
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، نبی ﷺ نے سونے کی انگوٹھی حاصل کی ، ایک دوسری روایت میں ہے : آپ ﷺ نے اسے دائیں ہاتھ میں پہنا ، پھر اسے پھینک دیا ، پھر آپ نے چاندی کی انگوٹھی حاصل کی جس پر محمد رسول اللہ نقش کیا گیا تھا ، اور آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کوئی شخص میری اس انگوٹھی کے نقش کی طرح کندہ نہ کرے ۔‘‘ اور جب آپ اسے پہنتے تو اس کے نگینے کو ہتھیلی کی اندرونی طرف کر لیتے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4383
علی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے قس کے اور زرد رنگ کے کپڑے پہننے ، سونے کی انگوٹھی پہننے اور رکوع میں قرآن پڑھنے سے منع فرمایا ہے ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 4384
عبداللہ بن عباس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے کسی آدمی کے ہاتھ میں سونے کی انگوٹھی دیکھی تو اسے اتار کر پھینک دیا ، اور فرمایا :’’ تم میں سے کوئی شخص آگ کے انگارے کا قصد کرتا ہے تو اسے اپنے ہاتھ پر رکھ لیتا ہے ۔‘‘ رسول اللہ ﷺ کے تشریف لے جانے کے بعد اس آدمی سے کہا گیا ، اپنی انگوٹھی پکڑ لو اور اس سے فائدہ اٹھاؤ ، اس نے کہا : اللہ کی قسم ! جب رسول اللہ ﷺ نے اسے پھینک دیا ہے تو میں اسے کبھی بھی نہیں اٹھاؤں گا ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 4385
انس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے کسریٰ ، قیصر اور نجاشی کے نام خط لکھنے کا ارادہ فرمایا تو آپ سے عرض کیا گیا کہ وہ صرف سربمہر خط ہی وصول کرتے ہیں ، تب رسول اللہ ﷺ نے چاندی کے حلقے کی انگوٹھی بنوائی ، اس میں ’’محمد رسول اللہ‘‘ نقش کیا گیا ۔ مسلم اور بخاری کی روایت میں ہے : انگوٹھی کا نقش تین سطروں میں تھا :’’ محمد ‘‘ ایک سطر میں ، ’’رسول‘‘ ایک سطر میں اور ’’اللہ‘‘ ایک سطر میں تھا ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4386
انس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ کی انگوٹھی چاندی کی تھی ، اور اس کا نگینہ بھی اسی کا تھا ۔ رواہ البخاری ۔

Haidth Number: 4387
انس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے چاندی کی انگوٹھی اپنے دائیں ہاتھ میں پہنی ، اس میں حبشی نگینہ تھا ، آپ اس کا نگینہ اپنی ہتھیلی کی طرف رکھتے تھے ۔ متفق علیہ ۔

Haidth Number: 4388
انس ؓ بیان کرتے ہیں ، نبی ﷺ کی انگوٹھی اس (انگلی) میں تھی ، اور انہوں نے بائیں ہاتھ کی چھنگلی کی طرف اشارہ کیا ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 4389
علی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے مجھے منع فرمایا کہ میں اپنی اس یا اس انگلی میں انگوٹھی پہنوں ۔ آپ ﷺ نے درمیانی اور اس کے ساتھ والی (انگشت شہادت) کی طرف اشارہ کیا ۔ رواہ مسلم ۔

Haidth Number: 4390
عبداللہ بن جعفر ؓ بیان کرتے ہیں ، نبی ﷺ اپنے دائیں ہاتھ میں انگوٹھی پہنا کرتے تھے ۔ صحیح ، رواہ ابن ماجہ ۔

Haidth Number: 4391
امام ابوداؤد اور امام نسائی نے اسے علی ؓ سے روایت کیا ہے ۔ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد و النسائی ۔

Haidth Number: 4392
ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، نبی ﷺ اپنے بائیں ہاتھ میں انگوٹھی پہنا کرتے تھے ۔ صحیح ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4393
علی ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے ریشم پکڑا اور اسے اپنے دائیں ہاتھ پر رکھ لیا ، پھر آپ ﷺ نے سونا پکڑا اور اسے اپنے بائیں ہاتھ پر رکھ لیا ، پھر فرمایا :’’ بے شک یہ دونوں چیزیں میری امت کے مردوں پر حرام ہیں ۔‘‘ صحیح ، رواہ احمد و ابوداؤد و النسائی ۔

Haidth Number: 4394
معاویہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے چیتوں کی کھال پر سواری کرنے اور سونا پہننے سے منع فرمایا ، ہاں البتہ ٹکڑوں کی شکل میں پہننے کی رخصت فرمائی ۔ صحیح ، رواہ ابوداؤد و النسائی ۔

Haidth Number: 4395
بریدہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک آدمی کو پیتل کی انگوٹھی پہنے ہوئے دیکھا تو اسے فرمایا :’’ مجھے کیا ہے کہ میں تجھ سے بتوں کی بو محسوس کر رہا ہوں ؟‘‘ اس شخص نے اسے پھینک دیا ۔ پھر وہ آیا تو اس نے لوہے کی انگوٹھی پہن رکھی تھی ، آپ ﷺ نے فرمایا :’’ مجھے کیا ہے کہ میں تجھ پر جہنمیوں کا زیور دیکھ رہا ہوں ؟‘‘ اس نے اسے پھینک دیا ، اور عرض کیا : اللہ کے رسول ! میں کس دھات سے انگوٹھی بنواؤں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ چاندی سے اور وہ بھی مثقال سے کم ہو ۔‘‘ اور محی السنہ ؒ نے فرمایا : حق مہر کے بارے میں سہل بن سعد ؓ سے صحیح سند کے ساتھ ثابت ہے کہ نبی ﷺ نے ایک آدمی سے فرمایا :’’ تلاش کرو خواہ لوہے کی ایک انگوٹھی ہو ۔‘‘ حسن ، رواہ الترمذی و ابوداؤد و النسائی و فی شرح السنہ ۔

Haidth Number: 4396
ابن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، نبی ﷺ دس باتیں ناپسند فرماتے تھے ۔ زعفران لگانا ، بڑھاپے کو (کالا خضاب لگا کر) تبدیلی کرنا ، تہبند گھسیٹنا ، سونے کی انگوٹھی پہننا ، موقع محل کے بغیر بناؤ سنگار ظاہر کرنا ، شطرنج کھیلنا ، معوذات کے علاوہ کسی اور ورد سے دم کرنا ، منکے باندھنا ، پانی (یعنی منی) کا اس کی اصل جگہ (شرم گاہ) کے بغیر خارج کرنا اور بچے کے دودھ کو خراب کرنا (یعنی مدت رضاعت میں عورت سے جماع کرنا) لیکن اسے حرام قرار نہیں دیا گیا ۔ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد و النسائی ۔

Haidth Number: 4397
ابن زبیر ؓ سے روایت ہے کہ ان کی ایک آزاد کردہ لونڈی تھی وہ زبیر ؓ کی بیٹی کو ، جس کے پاؤں میں گھنگھروں تھے ، عمر بن خطاب ؓ کے پاس لے گئی ، عمر ؓ نے انہیں کاٹ ڈالا اور فرمایا : میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ ہر گھنٹی (گھونگرو) کے ساتھ شیطان ہے ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4398
عبدالرحمن بن حیان انصاری ؓ کی آزاد کردہ لونڈی بنانہ ، عائشہ ؓ کے پاس موجود تھی ، اچانک کوئی بچی ان کے پاس لائی گئی اس نے گھنگھرو پہن رکھے تھے جن سے آواز آ رہی تھی ، حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا : اسے میرے پاس اس وقت تک مت آنے دینا جب تک تم اس کے گھنگھرو نہیں کاٹ دیتے کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ جس گھر میں گھنٹی ہو اس میں (رحمت کے) فرشتے داخل نہیں ہوتے ۔‘‘ سندہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4399
عبد الرحمن بن طرفہ سے روایت ہے کہ کلاب کی لڑائی کے دن ان کے دادا عرفجہ بن اسد ؓ کی ناک کاٹ دی گئی تو انہوں نے چاندی کی ناک لگا لی ، وہ بدبودار ہو گئی تو نبی ﷺ نے اسے سونے کی ناک لگانے کا حکم دیا ۔ اسنادہ حسن ، رواہ الترمذی و ابوداؤد و النسائی ۔

Haidth Number: 4400
ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص اپنے دوست کو آگ کا چھلا پہنانا پسند کرتا ہے تو وہ اسے سونے کا چھلا پہنا دے ، جو شخص اپنے دوست کو آگ کا طوق پہنانا پسند کرتا ہے تو وہ اسے سونے کا طوق پہنا دے ، جو شخص اپنے دوست کو آگ کے کنگن پہنانا پسند کرتا ہے تو وہ اسے سونے کے کنگن پہنا دے ، لیکن تم چاندی کو لازم پکڑو اور اس کے زیور بناؤ ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ ابوداؤد ۔

Haidth Number: 4401
اسماء بنت یزید ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس عورت نے سونے کا ہار پہنا تو روزِ قیامت اس کی گردن میں آگ کا ہار ڈالا جائے گا ، اور جس عورت نے اپنے کان میں سونے کی بالی پہنی تو اللہ روزِ قیامت اس کے کان میں اسی کی مثل آگ ڈال دے گا ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد و النسائی ۔

Haidth Number: 4402
حذیفہ ؓ کی بہن سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ خواتین کی جماعت ! تمہیں کیا ہے کہ تم چاندی کا زیور نہیں بناتی ہو ، تم میں سے جو عورت سونے کا زیور بناتی ہے اور اسے ظاہر کرتی ہے تو اسے اس کی وجہ سے عذاب دیا جائے گا ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ ابوداؤد و النسائی ۔

Haidth Number: 4403
عقبہ بن عامر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ زیورات اور ریشم زیب تن کرنے والوں کو منع کیا کرتے تھے اور فرمایا کرتے تھے :’’ اگر تم جنت کا زیور اور اس کا ریشم پسند کرتے ہو تو تم اسے دنیا میں مت پہنو ۔‘‘ اسنادہ ضعیف ، رواہ النسائی ۔

Haidth Number: 4404
ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے انگوٹھی بنوائی اور اسے پہن لیا ، (پھر) فرمایا :’’ اس نے آج مجھے تم سے مشغول کر دیا ، میں ایک نظر اس کی طرف اور ایک نظر تمہاری طرف ڈالتا رہا ۔‘‘ پھر آپ نے اسے پھینک دیا ۔ صحیح ، رواہ النسائی ۔

Haidth Number: 4405
امام مالک بیان کرتے ہیں ، میں ناپسند کرتا ہوں کی بچوں کو سونے کی کوئی چیز پہنائی جائے ، کیونکہ مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے سونے کی انگوٹھی پہننے سے منع فرمایا ہے ، سو میں اسے مردوں کے لیے پہننا ناپسند کرتا ہوں خواہ وہ بڑے ہوں یا چھوٹے ۔ صحیح ، رواہ مالک فی الموطا ۔

Haidth Number: 4406